مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں مختلف کھیلوں کیلئے کوئی بڑا سٹیڈیم موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والے کھلاڑیوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی نوجوانوں و کھلاڑیوں نے انتظامیہ مخالف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے بڑے بڑے دعوئے کئے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پر کھلاڑیوں کیلئے بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں ہیں ۔نوجوانوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آزادی کے ستر برس بعد بھی کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ قائم ہی نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے کئی کھلاڑی اہل ہونے کے باوجود بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کر پائے ۔دلشاد قادری نامی ایک ناجوان نے کہاکہ مینڈھر میں بنیادی ڈھانچے کی قلت کی وجہ سے نوجوانوں میں اب کھیلوں کی جانب رجحان ختم ہوتا جارہا ہے ۔صدر کر کٹ ایسوسی ایشن مینڈھر عرفان خان نے بتایا کہ مینڈھر میں کرکٹ کیساتھ ساتھ دیگر کھیلوں میں دلچسپی کیساتھ ساتھ ٹیلنٹ بھی موجود ہے لیکن کھیل کا میدان نہ ہونے کی وجہ سے نوجوانوں کے مسائل میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔نوجوانوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں کھیل کا میدان تعمیر کیا جائے تاکہ مذکورہ خطہ کے نوجوان بھی کھیلوں میں اپنی قسمت آزما سکیں ۔
مینڈھر میں کھیل سٹیڈیم دستیاب نہیں
