مینڈھر میں کئی ٹرانسفارمر حفاظتی تار بندی کے بغیر

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں محکمہ بجلی کی جانب سے نصب کر دہ اکثر ٹرانسفارموں کی حفاظتی تار بندی اور دیور بندی نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے صارفین و دیگر جانداروں کیلئے ایک بڑا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔صارفین نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بجلی کی سپلائی کیلئے محکمہ کی جانب سے راستوں کیساتھ ساتھ رابطہ سڑکوں کے کناروں پر بغیر حفاظتی تدابیر کے بجلی ٹرانسفارمر نصب کئے گئے ہیں جن کی زد میں آکر کئی افراد اور مویشی اپنی جانیں ضائع کر چکے ہیں لیکن اس وقت تک ان ٹرانسفارمروں کو با حفاظت بنانے کیلئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ سب ڈویژن میں لگ بھگ 90فیصد بجلی ٹرانسفارمر بغیر حفاظتی اقدامات کے نصب کئے گئے ہیں ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی معقول سپلائی کیلئے سب ڈویژن میں نصب کردہ ٹرانسفارمروں کی جلدازجلد تار بندی کی جائے تاکہ عام لوگوں کیساتھ ساتھ مویشیوں کی زندگیاں بچائی جاسکیں ۔