مینڈھر میں ٹریفک پولیس کی کارروائی

 مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی مختلف رابطہ سڑکوں پر ٹریفک حکام کی جانب سے لگائے گئے ناکوں کے دوران قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں پر کارروائی عمل میں لائی گئی ۔اس کارروائی کے دوران 50گاڑیوں کے چالان کئے گئے جبکہ کاغذات نہ ہونے اور دیگر لورزامات نامکمل ہونے کی وجہ سے 21گاڑیوں کو ضبط بھی کرلیا گیا ۔ٹریفک پولیس کے ضلع انچارج پونچھ شوکت امین نے بتایا کہ مینڈھر سب ڈویژن کی کئی رابطہ سڑکوں پر ڈرائیوروں کی جانب سے اضافی کرایہ وصول کرنے کی شکایت موصول ہورہی ہیں جبکہ اس کے علاوہ اور لوڈنگ ،کاغذات نہ ہونے ،تیز رفتاری جیسے مسائل پر کنٹرول کرنے کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے کارروائی شروع کی گئی ہے ۔انہوں نے ڈرائیوروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ گاڑیوں کے کاغذات مکمل کریں جبکہ قاعدہ کی خلاف ورزی نہ کریں تاہم غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔