مینڈھر میں ٹریفک جام معمول بن گیا

مینڈھر//مینڈھرقصبہ میں جام کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ۔مینڈھر قصبہ کے اندر واحد سڑک ہے جو قصبہ کے بیچوں بیچ سے گزرتی ہے جس پر ہمیشہ ٹریفک جام رہتاہے ۔ قصبہ میں کوئی بھی بائی پاس سڑک نہیں ہے جس سے قصبہ سے ٹریفک کو کم کیا جائے ۔روزانہ کے ٹریفک جام کیلئے جہاں ٹریفک کا دبائو ذمہ دار ہے وہیں غیر قانونی طور پر سڑک کے کنارے کھڑی کی جانی والی گاڑیاں بھی مشکل پیداکرتی ہیں ۔قصبہ میں پارکنگ ہونے کے باوجود بھی لوگ پارکنگ میں گاڑیاں نہیں لگاتے اور ان کی غیر قانونی حرکت پر انتظامیہ بھی کوئی کارروائی نہیں کررہی ۔نتیجہ کے طور پر سکول جانے والے طلباء اور ڈیوٹی جانے والے ملازمین کے علاوہ روزانہ مریض و دیگر لوگ جام میں پھنس جاتے ہیں اور انہیںپریشانی کا سامنا کرناپڑتاہے ۔قصبہ کے لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ قصبہ سے بائی پاس سڑک گزاری جائے تاکہ ٹریفک جام کاسلسلہ ختم ہوسکے اور لوگ آسانی سے سفر کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک کے کنارے کھڑی گاڑیوں پر پابندی لگائی جائے ۔انہوں نے مینڈھر انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ اس سلسلہ میں فوری کارروائی کی جائے اور ٹریفک نظام میں سدھار لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔