مینڈھر میں مختلف حادثوں میں 5افراد زخمی

جاوید اقبال

مینڈھر// پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن میں اتوار کو ہوئے الگ الگ حادثات میں 5افراد زخمی ہو گئے جن کو مرحم پٹی کے بعد گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کردیا گیا ۔اتوار کی صبح ایک ٹریکٹر کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں نازک حالت میں سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح مینڈھر کے چھونگاں علاقے میں ٹریکٹر کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے، جن کی شناخت محمد ثاقب ولد محمد شفیر اور ابرار احمد ولد محمد یونس سکنہ چھترال کے بطور ہوئی۔حادثہ کو دیکھتے ہوئے بڑی تعداد میں مقامی لوگ موقع پر جمع ہو گئے انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا جہاں سے ایک کو تشویشناک حالت میں جی ایم سی راجوری منتقل کیا گیا۔دریں اثنا پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔اسی طرح سب ڈویژن کے کوٹاں علاقہ میں ایک موٹر سائیکل حادثے میں ایک شخص زخمی ہوگیا جس کی شناخت اویس احمد کے طورپر ہوئی ہے ۔اسی طرح ڈھرانہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے احمد رضا کو ایک گاڑی نے ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا جبکہ سب ڈویژن کے بلنوئی علاقہ کی رہائشی خاتون بیگم ایک پہاڑی سے گرکر زخمی ہو گئی ۔ان سبھی زخمیوں کو راجوری میڈیکل کالج ریفر کردیا گیا ۔