جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر کھولی گئی شراب کی دکان کی وجہ سے عام لوگوں میں تشویش پائی جارہی ہے جبکہ اس سلسلہ میں امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر کی قیادت میں معززین کا ایک وفد ایس ڈی ایم مینڈھر سے ملاقی ہوا ۔وفد میں شامل اراکین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں مخالفت کے باوجود شراب کی دکان کھولی گئی ہے ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ شراب کی کھلے عام فروخت کی وجہ سے نوجوان نسل کافی حد تک متاثر ہو سکتی ہے ۔
امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر نے کہاکہ اس وقت نوجوان کی ایک بڑی تعداد منشیات میں ملوث ہو رہی ہے جبکہ سکولوں اور کالج میں زیر تعلیم بچے بھی شراب میں ملوث ہو رہے ہیں ۔وفد میں شامل اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد مذکورہشراب کی دکان کو بند کروانے کیلئے اعلیٰ حکام سے رجوع کیاجائے ۔ایس ڈی ایم مینڈھر نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل بھی انہوں نے عوامی ناراضگی کے سلسلہ میں اعلیٰ حکام کو تحریر طور پر لکھا ہوا ہے جبکہ ایک مرتبہ پھر سے عوامی مانگ کو اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا ۔