مینڈھر میں ایڈیشنل سیشن کورٹ قائم کرنے کامطالبہ

مینڈھر //بار ایسوسی ایشن مینڈھر نے چیف جسٹس اور انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں ایڈیشنل سیشن کورٹ قائم کیا جائے تاکہ لوگوں کو پونچھ میں در بدر کی ٹھوکریں کھانا نہ پڑیں ۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ محمد جاوید خان نے کہاکہ اس معاملہ کو لے کر وہ کئی مرتبہ اعلیٰ حکام کے پاس گئے اور اس سلسلہ میں کئی یادشتیں بھی پیش کی گئی ہیں لیکن صوبہ جموں میں مینڈھر ایک مصروف ترین کورٹ ہونے کے باوجود اس کو ایڈیشنل سیشن کورٹ کا درجہ نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت مذکورہ کورٹ میں 26سو سے زائد فائلیں موجود ہیں تاہم ایڈیشنل سیشن کورٹ نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پونچھ میں اپنا وقت ضائع کرنا پڑتا ہے ۔موصوف نے کہاکہ 2009میں مینڈھر کورٹ کی عمارت کو متعلقہ محکمہ نے غیر محفوظ قرار دیا تھا جس کے بعد کچھ حد تک مرمت کروائی گئی تھی لیکن اب عمارت کی حالت مزید ابتر ہوچکی ہے ۔بار ایسوسی ایشن کے سابقہ صدر ایڈوکیٹ بشارت خان اور نائب صدر غلام رسول سمیت دیگر وکلا ء نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں ایڈیشنل سیشن کورٹ قائم کیا جائے ۔