مینڈھر قصبہ میں بجلی بحران شدت اختیار کرگیا | صارفین کااحتجاج ،ملازمین پر غیر حاضر رہنے کا الزام

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں گزشتہ ایک ماہ سے بجلی سپلائی میں آئے مبینہ خلل کیخلاف صارفین نے گزشتہ روز شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے ان کو گزشتہ کئی دنوں سے شدید مشکلات درپیش ہیں لیکن آفیسران کی لاپرواہی کی وجہ سے ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں رہ رہے ہیں ۔مظاہرین نے کہاکہ وہ بھاری ماہانہ بل ادا کرنے کے باوجود بھی بجلی کی معقول سپلائی حاصل نہیں کرپا رہے ہیں جس کی وجہ سے جہاں بجلی کی مدد سے اپنا روز گار کمانے والے متاثر ہورہے ہیں وہائیں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے عام صارفین کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے سپلائی کو بہتری کا مطالبہ کیاجارہا ہے لیکن متعلقہ حکام ٹس سے مس نہیں ہیں ۔مینڈھر کے بیو پار منڈل اور سیول سوسائٹی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں بجلی سپلائی کو معیاری بنانے کیلئے ملازمین و آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں ۔