جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر بھمبر گلی روڈ حکام کی بے حسی کاشکار رہنے کے بعد اب ریت اور بجری جمع کرنے کی آماجگاہ بن گئی ہے۔سڑک کی کئی برسوں سے حالت خراب تھی جس پر مقامی لوگوں اور ٹرانسپورٹروں نے کئی مرتبہ احتجاج کی راہ بھی اختیا رکی۔اگرچہ گریف نے اس پر بی جی سے بلنوئی تک بلیک ٹاپ کیاہے لیکن اب مقامی لوگ اس پر قبضہ کرتے جارہے ہیں۔کئی جگہوں پر لوگوں نے ریت اور بجری سڑک پر جمع کررکھی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کے آنے جانے میں مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے جو سڑک پر ریت اور بجری وغیرہ جمع کررہے ہیں۔ان کاکہناہے کہ یہ ایک مصروف روڈ ہے جس پر ریت اور بجری کی وجہ سے کوئی حادثہ بھی پیش آسکتاہے جس کی ذمہ داری کس کے سر پر ہوگی اس کی نشاندہی کی جانی چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ روڈ پر ریت اور بجری ڈالنے سے گاڑیوں کی آمدو رفت میں پریشانی آتی ہے ،دوسرا سڑک دوبارہ تبا ہ و برباد ہو جائے گی، جو لوگ روڈ پر ریت اور بجری ڈالتے ہیں اُن کے خلاف کاروائی کی جائے ۔