مینڈھر اور منجا کوٹ میں مکانات منہدم

مینڈھر +منجا کوٹ //خطہ پیر پنچال میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جبکہ اس دوران سب ڈویژن مینڈھر اور منجا کوٹ تحصیل میں رہائشی مکانات بھی منہدم ہوئے ہیں تاہم اس دوران کسی جانی نقصا ن کی کوئی خبر نہیں ہے ۔مینڈھر سب ڈویژن میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے نکہ منجہاڑی پنچایت میں ایک رہائشی مکان منہدم ہوگیا تاہم اس دوران اہل خانہ بچنے میں کامیاب ہو گئے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ رہائشی مکان محمداتفاق ولد سرور خان کا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ غریب کا مکان محض 2کمروں پر مشتمل تھا تاہم ان کے منہدم ہونے سے اہل خانہ بے گھر ہوگئے ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کو جلدازجلد ٹینٹ فراہم کیاجائے تاکہ وہ اس مشکل وقت میں اپنا وقت گزار سکیں ۔پنچایتی اراکین و مقامی معززین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کو مکان کی تعمیر کیلئے مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنا رہائشی مکان دوبارہ سے تعمیر کرواسکیں ۔اسی طرح راجوری ضلع کی منجا کوٹ تحصیل میں ایک رہائشی مکان منہدم ہوگیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ تحصیل کی گھمبیر مغلاں کی پنچایت اے میں پسی گر آنے کی وجہ سے ایک مکان تباہ ہو گیا ۔انہوں نے بتایاک ہٹہ سیری کی وارڈ نمبر دو میں مکان منہدم ہوا تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جائے ۔