جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی رابطہ سڑکوں پر شدید اوور لوڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے تاہم محکمہ پولیس اور ٹریفک حکام کی جانب سے غیر قانونی عمل میں ملوث ٹرانسپورٹروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے ٹریفک حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن کی لگ بھگ سبھی رابطہ سڑکوں پر چھوٹی اور بڑی گاڑیوں میں شدید نوعیت کی اوور لوڈنگ کی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حکام کی آنکھوں کے سامنے قوانین کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں لیکن کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔مسافروں نے بتایا کہ جب تک ڈرائیوروں کی جانب سے سٹیشن پر اوور لوڈنگ نہیں کی جاتی تب تک ڈرائیور سٹیشن سے گاڑی ہی نہیں چلاتے اور کہنے پر شدید نوعیت کی بد تمیزی کی جاتی ہے جبکہ کئی بار شکات کرنے والے کو ہی گاڑی سے نکال دیا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مینڈھر سے منکوٹ ،ساگرہ ،پٹھانہ تیر ،کالابن ودیگر علاقوں میں جانے والی ٹاٹا سومو گاڑیاں جہاں بغیر کاغذات کے چلتی ہیں وہائیں ان میں شدید نوعیت کی اوور لوڈنگ کی جاتی ہے ۔مقامی معززین نے کہا کہ ٹریفک حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے چند روپیوں کی خاطر لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑکوں پر جاری غیر قانونی عمل پر قدغن لگائی جائے تاکہ لوگوں کی زندگیاں کی حفاظت ہو سکے ۔