مینڈھرمیں فوجی اہلکار کی پراسرار موت

مینڈھر// فوج کی ڈیفنس سروس کور (ڈی ایس سی) کے ایک اہلکار کوپراسرار طور پر بندوق کی متعدد گولیاں لگیں جس سے اس نے دم توڑ دیا۔یہ واقعہ ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں آرمی کیمپ میں پیش آیاہے۔مرنے والے کی شناخت محمد بشیر ولد عبدا لحسین ساکن سلانی مینڈھر کے طور پر ہوئی ہے۔متوفی بشیر فوج کا ایک ریٹائرڈ اہلکار تھا جو بعد میں ڈیفنس سروس کور (ڈی ایس سی) میں شامل ہوگیااور اس وقت اس کو پونچھ ضلع میں مینڈھر آرمی کیمپ میں تعینات کیا گیا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا’’ہفتے کی صبح ، اس کی نعش کیمپ کے اندر خون میں لت پت پڑی ہوئی ملی جس کے بعد پولیس ٹیم نے موقعہ پر تفتیش شروع کردی اور نعش کو مینڈھر سب ضلع ہسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کیا گیا اور پھرنعش آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے حوالے کردی گئی ‘‘۔ذرائع نے بتایاکہ متوفی کے جسم میں گولیوں کے دو زخم آئے جو موت کی وجہ بنے۔ایس ڈی پی او مینڈھرنیرج پڈیار نے بتایاکہ اس سلسلے میں دفعہ 174کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ موقعہ سے ہتھیار ضبط کیاگیاہے۔