مینڈھرسب ضلع ہسپتال میں ڈاکٹر وں کی آسامیاں خالی آرتھو سے متعلق مسائل و دیگر بیماریوں میں مبتلا مریض دربدر ،محکمہ خاموش

جاوید اقبال

مینڈھر //سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں ڈاکٹروں کی متعدد آسامیاں خالی ہونے کی وجہ سے مریضوں کو پونچھ ،راجوری اور جموں کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں در بدر کی ٹھوکریں کھا نا پڑرہی ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ حد متارکہ کے نزدیک آباد تین تحصیلوں کی عوام کو مقامی سطح پربہتر طبی سہولیات دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو چھوٹی بیماریوں کے علاج کیلئے بھی ضلع ہسپتال پونچھ اور گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔

غور طلب ہے کہ سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر میںآرتھو کیساتھ ساتھ فزیشن اور ماہر امراض طفیل کی نشستیں بھی خالی پڑی ہوئی ہیں ۔غور طلب ہے کہ 3بڑی تحصیلوں کے واحد بڑے ہسپتال میں ڈاکٹروں کی آسامیاں خالی ہونے کی وجہ سے حدمتارکہ کے نزدیکی علاقوں کیساتھ ساتھ دیگر دیہات میں رہائش پذیر لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو بہتر طبی سہولیات میسر نہیں ہیں ۔مکینوں نے کہاکہ حدمتارکہ کے نزدیک قائم دیگر ہسپتالوں کیساتھ ساتھ سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر میں بھی عملے کی قلت پائی جارہی ہے جس کی وجہ سے لوگ اپنے بیمار بچوں کو لے کر دیگر اضلاع میں قائم کردہ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیںجبکہ روزانہ کی بنیادوں پر ہسپتال میں آنے والے مریض گھنٹوں قطاروں میں انتظار کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صحت کی صورتحال کو درست کرنے اور عملے کی تعیناتی کے سلسلہ میں کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رجوع کیا جارہا ہے لیکن ابھی تک سرحدی علاقہ میں قائم کردہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی خالی پڑی ہوئی نشستیں پُر نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر ہسپتال میں خالی پڑی ہوئی آسامیوں کو جلدازجلد پُر کرنے کی ہدایت جاری کی جائیں ۔