سرینگر//حریت(ع) چیرمین اورمتحدہ مجلس علماء کے امیرمیرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے شہر خاص میںواقع کشمیر میں تصوف اور روحانیت کے اولین مرکز خانقاہ معلی کے دورے کے دوران آگ سے متاثرہ گنبد کی تعمیر نو پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ کشمیر میں اسلام کے اولین داعی حضرت امیر کبیرکی ایما پر تعمیر شدہ یہ روحانی مرکزکشمیریوں کی ملی شناخت اور ثقافت کی یادگار ہے اور اس خانقاہ کا گنبد کچھ عرصہ قبل آگ کی ایک واردات کے دوران متاثر ہوا تھا اور اب اس کی تعمیر پر نئے سرے سے کام جاری ہے ۔ میرواعظ نے خانقاہ معلی کے متاثرہ گنبد پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خانقاہ کے منتظمین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ یہ درگاہ ہماری ملی شناخت اور ثقافت کی یادگار ہے اور کشمیری عوام کی بلا لحاظ مسلک اس روحانی مرکز سے جو عقیدت وابستہ ہے اس کا تقاضا ہے کہ اس ملی شناخت کے حامل مرکز کی حفاظت کے طریقہ کار کو ہر لحاظ سے موثر بنایا جائے۔اس موقعہ پر خانقاہ کے منتظمین نے میرواعظ کا استقبال کرتے ہوئے انہیں متذکرہ گنبد پر جاری کام اور خانقاہ سے جڑے دیگر معاملات کے متعلق جانکاری فراہم کی۔
میر واعظ کا دورہ ٔخانقاہ معلی
