میر واعظ صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ گئے

سرینگر//حریت(ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں زیر علاج علیل بزرگ مزاحمتی لیڈر سید علی گیلانی کی مزاج پرسی کی،جس کے دوران انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ میرواعظ عمر فاروق اتوارکی صبح صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ پہنچے جہاں انہوں نے سید علی شاہ گیلانی کی مزاج پرسی کی۔ میرواعظ عمرنے اس دوران سید علی گیلانی کی صحت سے متعلق جانکاری بھی حاصل کی،جبکہ انکی شفایابی کیلئے بھی دعابھی کی۔دونوں مزاحمتی لیڈروں نے کچھ وقفہ میں آپس میں بات چیت بھی کی۔اس سے قبل جامع مسجد سرینگر کے امام حی مولانا سعید احمد سعید نقشبندی بھی صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ پہنچے جہاں  انہوں نے علیل سید علی گیلانی کی مزاج پرسی کی۔دریں اثناء بزرگ لیڈر کو شام 7بجے اسپتال سے رخصت کیا گیا۔