میر واعظبرصغیر کی 5بااثر مسلم شخصیات میں شامل

سرینگر //حریت (ع)چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل پانچویں سال دنیا کی 500بااثر مسلم شخصیات اور برصغیر کے 5افراد میں انتہائی بااثر سیاسی و مذہبی شخصیت کی حیثیت سے نامزد کیا گیاہے۔رائل اسلامک سینٹر اردن کی جانب سے’دی مسلم 500‘ کی 2019 کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جموں کشمیر میں میرواعظ عمر فاروق کو انکی ، تعلیم ، سیاست، ملی اور سماجی میدانوں میں جو بے لوث اور مخلصانہ خدمات انجام دی ہیں ان کے اعتراف میں اس عالمی اعزاز سے نوازا جارہا ہے۔رپورٹ کے مطابق میرواعظ نے اپنے نامور والد گرامی ممتاز دینی و سیاسی رہنما شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق  کی1990ء میں ناگہانی شہادت کے فوراً بعد کشمیری عوام کی شدید خواہش اور اصرار پر صرف 17 سال کی عمر میںمیرواعظ کشمیر کا منصب سنبھالا اور اس دوران اپنی تعلیمی اور منصبی ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ 1993ء میں کشمیری عوام کی حق خودارادیت پر مبنی برحق جدوجہد کو عالمی سطح پر متعارف  اورمسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو اجاگر کرانے کیلئے کشمیر کی جملہ دینی، ملی اور سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے حریت کانفرنس کی داغ بیل ڈالی اور تب سے لیکرآج تک میرواعظ کشمیر ی عوام کی حق و انصاف سے عبارت جدوجہد کو نہ صرف آگے بڑھا رہے ہیں بلکہ اس ضمن میں انہیں اکثر و بیشتر قابض حکمرانوں کی جانب سے شدید قسم کے عذاب و عتاب، قدغنوں اور پابندیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ترجمان نے مذکورہ ادارے کی جانب سے میرواعظ کو اس اعزاز سے نوازنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔