میرے بچوں کو نشانہ بنانا انتقامی حربہ: صلاح الدین

مظفر آباد // حزب سربراہ ااور متحدہ جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ انکی جد و جہد کی سر گرمیوں میں رخنہ ڈالنے کے لئے بھارتی ایجنسیاں میرے بچوں اور عزیز و اقارب کو نشانہ بنا رہی ہیں۔صلاح الدین نے کہا کہ وہ گذشتہ تیس برسوں سے اپنے اہل خانہ سے دور ہیں اور قوم یہ جانتی ہے کہ ان کے خاندان کا کوئی فرد تحریک آزادی کے مالی معاملات سے وابستہ نہیں رہا ہے اور نہ ہے۔ انہوں نے کہا میرا دامن صاف ہے اور اس حوالے سے بھارتی ایجنسیاں جو کردار کشی کررہی ہیں وہ انتہائی قابل مذمت ہیں۔حزب سربراہ نے کشمیر بار ایسو ایشن اور کشمیر سول سوسائٹی سے وابستہ لوگوں سے مخلصانہ اپیل کی ہے کہ وہ ان کے بچوں کی تیس سال پہلے اور آج کی جائیداد کی آزادانہ تحقیقات کریں اور تقابلی جائزہ قوم کے سامنے رکھیں۔صلاح الدین نے واضح کیا کہ اپنی پوری زندگی آزادی کشمیر کے لیے وقف رکھنے والے ،دنیا کے حقیر مفادات کو آخرت کی ابدی زندگی کے نتائج پر ترجیح نہیں دیتے۔