میرواعظ کے نام این آئی اے نوٹس کیخلاف سنیچر کومتحدہ مجلسِ علما کی ہڑتال اپیل

سرینگر/متحدہ مجلسِ علماء نے منگل کو میرواعظ عمر فاروق کے نام این آئی  اے کی دلی طلبی  کی  نوٹس کیخلاف شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سنیچر کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی۔

مجلس نے جمعہ کو میرواعظ  کی  دلی  طلبی  اور  جماعت اسلامی پر سرکاری پابندی کیخلاف احتجاجی مظاہروں کی اپیل بھی کی۔

متحدہ مجلسِ علماء نے ہڑتال اور مظاہروں  کی اپیل آج میرواعظ منزل ،راجوری کدل سرینگرپر ایک پریس کانفرنس کے دوران کی۔

مجلس نے میرواعظ عمر فاروق کے نام این آئی  اے نوٹس، اُن کی دلی طلبی اور جماعت اسلامی پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے سنیچر کو ہڑتال اور جمعہ کو مظاہروں کی اپیل کی۔

 واضح رہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے میرواعظ کو 11مارچ کے روز دلی طلب کیا تھا تاکہ اُنہیں 2017میں درج اُس فنڈنگ کیس کے سلسلے میں پوچھ تاچھ کی جاسکے جس کے تحت کئی علیحدگی پسند دلی کے تہار جیل میں مقید ہیں۔

میرواعظ نے تاہم دلی نہ جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے این اے آئی کی نوٹس کا تحریری جواب روانہ کردیا۔

 یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے حال ہی میں جماعت اسلامی جموں کشمیر پر پانچ سال کیلئے پابندی عاید کردی۔

اس سے قبل اور اس کے بعد جماعت سے وابستہ سینکڑوں لیڈروں اور کارکنان کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں جن میں امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر حمید فیاض بھی شامل ہیں۔