سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے نائب صدر اور خطیب و امام مولانا احمد سعید نقشبندی نے مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے موقعہ پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ رجب المرجب شروع ہو چکا ہے جو معراج نبوی ﷺ کے حوالے سے ایک انتہائی اہمیت اور عظمت کی تاریخ کا حامل متبرک مہینہ ہے اور اسی مہینے کے آخری عشرے میں حضرت امام الانبیا پیغمبر آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ﷺ کو معراج العالم کا محیر العقول معجزہ عطا کیا گیا۔ اس متبرک مہینے میں حسب معمول معراج العالم ﷺ کے تعلق سے میرواعظ کشمیر کے خصوصی وعظ و تبلیغ اور پند و نصائح کی مجالس کا اہتمام کیا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے اس متبرک مہینے میں بھی انجمن اوقاف کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق حکام کی جانب سے گزشتہ سال کے 5 اگست سے لگاتار اور مسلسل خانہ نظر بند رکھے گئے ہیں جس کے سبب ان کی دینی، ملی اور سماجی سرگرمیاں زبردست متاثر ہو گئی ہیں جو اہالیان کشمیر کیلئے فکر و تشویش کا موجب ہے ۔مولانا نقشبندی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ میرواعظ کی لگاتار خانہ نظر بندی سے نہ صرف مرکزی جامع مسجد سمیت کشمیر کے دینی ،دعوتی اور تبلیغی حلقوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے اورلوگ جامع مسجد کے منبر و محراب سے صدیوں سے جاری میرواعظین کشمیر کی زبان سے قال اللہ وقال الرسول ﷺ کی صدائیں سننے کیلئے بے چین اور مضطرب ہیں ۔انہوں نے میرواعظ سمیت تمام خانہ و تھانہ نظر بند افراد اور کشمیری نوجوانوں کی بلا مشروط رہائی کاپُر زور مطالبہ کیا جبکہ عوام نے میرواعظ کی لگاتار خانہ نظر بندی کو شخصی اور مذہبی آزادی کیخلاف انتہائی قدم قرار دیتے ہوئے اس عمل پر شدید احتجاج کیا اور اسے مداخلت فی الدین قرار دیکر اسکی سخت الفاظ میں مذمت کی۔عالمی وباCoronavirus کے پھیلائو پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امام حی نے عوام الناس سے گزارش کی کہ وہ بارگاہ خداوندی میں صدق دلی کے ساتھ توبہ و استغفار کا انفرادی اور اجتماعی طور پر عمل جاری رکھیںاورجملہ ائمہ مساجد اور خطیبوں سے اپیل کی کہ وہ اس خطرناک وبا سے نجات کیلئے خاص طور پر دعائوں کا اہتمام کریں۔اس موقعہ پر انجمن نصرۃ الاسلام کے بانی میرواعظ کشمیر علامہ رسول شاہ ؒ کے 111ویںیوم وصال کی مناسبت سے جامع مسجد میں اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے جملہ رفقا کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
میرواعظ کی خانہ نظربندی سے دینی سرگرمیاں متاثر : امام حئی
