میرواعظ کا گوجوارہ دورہ

 سرینگر//حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے اپنی دس روزہ خانہ نظر بندی ہٹتے ہی شہر خاص کے گوجوارہ کا دورہ کیا جہاں گزشتہ رات آگ کی ایک بھیانک اور ہولناک واردات میں مسلم وقف بورڈ کی ایک عمارت میں قائم دو درجن سے زیادہ دکانیں جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئیں۔میرواعظ نے موقعہ پر جاکر افسوسناک صورتحال کا بذات خود مشاہدہ کیا اور جائز ہ لیا اور متاثرین کے ساتھ اپنی بھر پور ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر متاثرہ دکانداروں نے میرواعظ کو آتشزدگی کے نتیجے میں ہوئے زبردست نقصانات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔میرواعظ نے متاثرہ دکانداروں کی باز آبادکاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسلم وقف بورڈ پر خصوصاً اور دیگر امدادی اور فلاحی تنظیموں سے آگے آکر انکی ممکنہ مدد کی اپیل کی تاکہ متاثرہ دکاندار اپنا روزگار شروع کر سکیں۔