عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//میرواعظ مولوی عمرفاروق نے عبادت گاہوں کے تحفظ اور معاشرے میں پھیلی خرابیوں کاقلع قمع کرنے پر زوردیا ہے۔اتوار کوبہوری کدل میں تاریخی بازارمسجد کی تعمیر نوکاسنگ بنیادرکھنے کے موقعہ پرمولوی عمرفاروق نے مسجد کے تعمیر نومیں بلاامتیازعوام اور منتظمین کے کردار کوسراہتے ہوئے تاجربرادری سے کہا کہ وہ مسجدکی تعمیرنومیں دل کھول کرعطیہ دیں۔میرواعظ نے اس موقعہ پرفرقہ وارانہ یکجہتی اوراتحاد کوفروغ دینے پربھی زوردیا۔ اس تقریب میں مقامی لوگوں کی بھرپور شرکت کے علاوہ بزم توحید کے قائم مقام صدر ڈاکٹر طارق احمد بٹ، جمعیت اہلحدیث کے صدر ڈاکٹر عبداللطیف کندی، دفاع اہلحدیث کے مولانا محمد مقبول اکھرنی، مفتی یعقوب بابا، مولانا عبدالقیوم زاڈو، ڈاکٹر عبدالمجید ڈار مدنی ، مفتی غلام رسول سامون، مولانا لطیف احمد سمیت کئی ممتاز علماء اور شخصیات نے شرکت کی۔اس تقریب میں ایک خاص لمحہ دیکھنے کو ملا جب بزم توحید کے چیئرمین مولانا مبارک مبارکی نے اپنی خرابی صحت کے باوجود مختصر سے وقت کیلئے اس تقریب میں شرکت کی۔میرواعظ نے ملت کشمیر کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی کوششوں اور خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ واضح رہے کہ بازار مسجد 24 جون 2024 کو لگنے والی ایک بھیانک آگ کی واردات میں جل کر خاکستر ہوگئی تھی جس نے پورے محلے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔