سرینگر// کشمیر کے بلند پایہ عالم دین شہید ملت میرواعظ مولانا محمد فاروق ، شہدائے حول اور شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کو ان کی برسیوں پر ان کی عظیم قربانیوں کے تئیں خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے 19 مئی اتوارکوحریت (ع) کے زیر اہتمام صدر دفتر راجباغ پر یک روزہ سمینار چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی صدارت میںمنعقد ہو رہا ہے جس میں سرکردہ حریت قائدین اور دانشور حضرات موضوع کی مناسبت سے شہید قائدین اور جملہ شہدائے جموںوکشمیر کو خراج عقیدت ادا کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ سیاسی اور تحریکی صورتحال پر اظہار خیال کریں گے ۔21 مئی کے شہدائے حول کے۲۹ویں سال شہادت اور خواجہ عبدالغنی لونؒ کے۱۷ویں سال شہادت کی مناسبت سے ہفتہ شہادت کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز عوامی مجلس عمل اور حریت کانفرنس کے صدر دفاتر کے ساتھ ساتھ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں قرآن خوانی کی متبرک اور نورانی مجالس اور ایصال ثواب کی محافل سے کیا گیا۔قرآن خوانی کے فوراً بعد انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے زیر اہتمام حسن قرأت کی وادی گیر سطح پر ایک محفل زیر صدارت صدر اوقاف میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق منعقد ہوئی ۔حسن قرأت کی محفل میں درجنوں تعلیمی اداروں اور دارالعلوموں کے طلباء نے حصہ لیا۔ محفل میں پہلی پوزیشن قاری غازی ابو بکر متعلم دارالعلوم بلالیہ ، دوسری پوزیشن دارالعلوم دائودیہ سرینگر کے قاری طالب حسین اور تیسری پوزیشن قاری مشتاق الاسلام متعلم مرکز المعارف بھٹنڈی جموں نے جبکہ چوتھی پوزیشن قاری اعجاز احمدبٹ متعلم انوار العلوم لولاب نے حاصل کی۔ جنہیں میرواعظ کے ہاتھوںنقد انعامات اور ٹرافی سے سرفراز کیا گیا۔ جج کے فرائض قاری عنایت اللہ قاسمی، قاری محمد اشتیاق، اور قاری اعجاز احمد میر نے جبکہ نظامت کے فرائض مولانا ایم ایس رحمن شمس نے انجام دیئے۔اس موقعہ پر شہید ملت ، شہدائے حول، شہید حریت اور آج تک کے جملہ شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی فاتحہ پڑھی گئی۔ اس موقعہ پر جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا احمد سعید نقشبندی ، مولانا عنایت اللہ ، مفتی غلام رسول سامون، مولوی محمد یاسین شاہ ، الحاج الطاف احمداور دیگر اراکین اوقاف اور عہدیداران موجود تھے۔