میرا پیغام واضح

جموں //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس کی عوام کے تئیں خدمات کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کی بے لوث خدمات کے 150 سال کی یاد میں ایک پروگرام میں شرکت کر کے دوران اپنے خطاب میں منوج سنہا نے کہا’’میرا پیغام بہت واضح ہے، ملی ٹینٹوں کو اپنی کارروائیوں کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی، ہم نے اپنی سیکورٹی فورسز کو مکمل آزادی دی ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ وہ ملی ٹینٹ اور ان کے ساتھیوں کو کچلنے کو یقینی بنائیں گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں مارے گئے ایس پی او اشفاق احمد اور ان کے بھائی عمر کے والدین کو 10 لاکھ روپے کا ایکس گریشیا فراہم کرے گی۔ ان کے بھائیوں میں سے ایک ایس پی او کو جموں کشمیر پولیس میں کانسٹیبل کے طور پر ترقی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جے کے پی، سی اے پی ایف اور فوج کے شہیدوں کو میرا خراج عقیدت، جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ میں ان کے اہل خانہ کو بتانا چاہتا ہوں کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، سماجی و اقتصادی ترقی کے ایک نئے ماڈل کے طور پر ابھر رہا ہے۔ دہشت گردانہ کارروائیوں اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تمام افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔ جان بوجھ کر ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے اور مزید دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے والی جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی۔