’ میرا پہلا ووٹ دیش کیلئے‘ مودی کی عوام سے پیغام پھیلانے کی اپیل

 یو این آئی

نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام طبقات کے لوگوں سے نئے ووٹروں میں ’میرا پہلا ووٹ دیش کیلئے‘ مہم کے بارے میں پیغام پھیلانے کی درخواست کی ہے۔نئے ووٹروں میں بیداری پھیلانے اور نوجوان ووٹروں کو اپنے جمہوری حقوق کے استعمال کی ترغیب دینے کے لیے ’میرا پہلا ووٹ دیش کے لیے‘ کے عنوان سے ایک مہم چلائی جا رہی ہے۔مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ترانہ ‘میرا پہلا ووٹ دیش کے لئے’ شیئر کرتے ہوئے دوسروں سے بھی اسے شیئر کرنے کی درخواست کی ہے۔ ٹھاکر کی اس پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا’’آئیے ہم اپنے انتخابی عمل کو مزید شراکت دار بنائیں۔ میں لوگوں کے تمام طبقات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اپنے طریقے سے پہلی بار ووٹ دینے والوں کے درمیان اس پیغام کو پھیلائیں‘‘۔