میدانی علاقو ں میں مسلسل بارشیں ،بالائی علاقوں میں تازہ برف باری | خطہ پیر پنچال جل تھل مغل روڈ مسلسل بند،سردی میں اضافہ ،عام زندگی مفلوج،کسانوں نے راحت کی سانس لی

عشرت حسین بٹ +جاوید اقبال +رمیش کیسر

پونچھ//پورے جموں و کشمیر کی طرح خطہ پیر پنچال کے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میں اتوار کو بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بالائی علاقوں میںتازہ برف باری ہوئی جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہواجبکہ مغل روڈ مسلسل بند پڑی ہے۔
منڈی
ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے میدانی علاقوں میں بھی گزشتہ دو دنوں سے مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور بالائی علاقوں میں سنیچر اور ایتوار کی درمیانی شب سے ہی تازہ برف باری رک رک کر ہو رہی ہے جس کی وجہ سے سردی میں شدت ریکارڈ کی گئی ہے اور عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔اس سلسلے میں تحصیل کے دور دراز علاقوں کی عوام نے کہا ہے چونکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کم سے کم رواں ہفتہ کو بارش اور برف باری کی پیشگوئی کی ہے، اس لیے تحصیل منڈی کے دور دراز علاقوں میں رہ رہے لوگوں کے لیے تمام تر بنیادی سہولیات کا انتظام کیا جائے۔ عوام نے کہا ہے کہ ان علاقوں میں راشن کے ساتھ ساتھ رسوئی گیس بہتر طبی سہولیات بجلی پانی کا عوام کے لیے رکھا جائے تاکہ نامساعد موسمی صورت حال میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑ۔ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ لورن میں بھی گزشتہ دو روز سے مسلسل شدید بارش ہونے کی وجہ سے سڑکوں کی حالت خستہ ہوتی جارہی ہے ۔سڑکوں پر بنی نالیوں میں پانی کا نکاس نہ ہونے کی وجہ سے نالیاں بند ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں کو کافی نقصان ہو رہا ہے۔ بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر زمین کھسکنے کی وجہ سے عوام کے رہائشی مکانات کو بھی خطرہ لاحق ہے۔عوام نے ضلع و تحصیل انتظامیہ منڈی سے اپیل کی کہ اس مشکل صورت حال میں عوام کو ہر طرح کی سہولیات پہنچانے کی بھرپور کوشش کی جائے
سرنکوٹ
گزشتہ روز بعد دوپہر سے ہی نچلے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ لگاتار جاری ہے جبکہ بارش دوسرے روز سے بھی جاری ہے۔ پیر گلی کے گردونواح کے علاقوں میں برف گرنے سے مغل شاہراہِ ٹریفک آمدورفت کے لیے بند ہو گئی ہے۔ وہیں ایس ڈی ایم سرنکوٹ فاروق خان نازکی کی جانب سے کہاگیا ہے‌کہ مغل شاہراہ پر برف گرنے کے ساتھ ساتھ پتھر بھی۔ گر رہے ہیںاور مغل شاہراہ پر سفر کرنا خطرے سے حالی نہیں ہے اور شاہراہ پر تاحکم ثانی کسی بھی طرح کی ٹریفک آمدورفت نہیں ہو گی۔انھوں نے کہا کہ لوگوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ لوگ جموں سرینگر شاہراہِ کا رخ کریں۔
مینڈھر
مینڈھر میں دن بھر زور دار بارش ہوتی رہی جس کی وجہ سے لوگوں نے گرم کپڑے دوبارہ نکال لیے البتہ زمیندار گھرانے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بارش کی وجہ سے راحت کی سانس ملی کیونکہ بارش سے گندم کی فصل کو فائدہ ملے گا ۔دن بھر بارش کی وجہ سے سردی میں ضرور اضافہ ہوا ہے لیکن زور دار بارش کی وجہ سے لوگوں کو ایک بار پھر کئی قسم کی پریشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ کئ علاقوں کی اندرونی سڑکیں بارش کی وجہ سے بند ہو گئی ہیں جس کے ساتھ گاڑیوں کی آمد و رفت بھی بند ہو گئی اور لوگوں کو بارش کے بیچ کئی کلو میٹر پیدل سفر کرنا پڑا۔لوگوں نے انتظامیہ سے ایپل کی کہ گائوں کی اندرونی سڑکیں ٹھیک کی جائیں تاکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات مل سکیں ۔
نوشہرہ
ہفتہ کی شام سے ہونے والی بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے اور سردی بھی بڑھ رہی ہے۔ اس بارش کے باعث لوگوں نے گرم کپڑے پہننا شروع کر دئے ہیںتاہم کسانوںمیںخوشی کی لہر دوڑگئی ہے کیونکہ اس بارش کو فصلوں کیلئے مفید قرار دیاجارہا ہے۔دونوں اضلاع کے دیگر علاقوں میں بھی بارشیں ہوتی رہیں جس کی وجہ سے عا م زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ہے اور لوگوںنے گھروں کے اندر رہنا ہی پسند کیا۔