راجہ ارشاد احمد
گاندربل //بابانگری وانگت کنگن میں مذہبی رہنما اورمعروف روحانی پیشوا میاں بشیر احمد لاروی کے تیسرے یوم وصال پر عرس کی تقریب عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔عرس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدتمندوں نے بابانگری میں واقع زیارت گاہ پر حاضری دی اور خصوصی دعاؤں میں شریک ہوئے۔ شب خوانی ، ختمات المعظمات اور درود اذکار کی مجالس میںمتعدد علماء نے اولیاء کی زندگی اور انکی دینی خدمات پر روشنی ڈالی۔ دربار عالیہ کے موجودہ سجادہ نشین میاں الطاف احمد نے اختتامی تقریب میں خصوصی دعاکرتے ہوئے عقیدتمندوں سے تلقین کی کہ وہ نمازوں کی پابندی، قرآن و حدیث اور اولیائے کرام کے نقش و قدم پر چل کر اپنی دنیا و آخرت سنواریں۔ اس موقع پر میاں بشیر احمد لاروی کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے میاں الطاف احمد نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان بری عادتوں کا شکار ہوررہے ہیں۔منشیات کی جانب نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ’’آنحضرت ؐ کی سیرت طیبہ پر گامزن ہونے سے دنیا اورآخرت میں بھلائی ہے‘‘۔ انہوں نے عقیدتمندوںسے کہا کہ میاں بشیر احمد لاروی مرحوم ہر وقت نمازوں کی ادائیگی کی تلقین کرتے تھے۔ انہوںنے کہا’’میاں بشیر احمد لاروی نہ صرف روحانی پیشوا تھے بلکہ ایک کامیاب سیاستدان اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک تھے۔ بابا جی کو سال 1945 سے ڈائری لکھنے کا بہت شوق تھا اورانہوں نے 1945 سے لیکر 2010 تک پابندی کے ساتھ چھوٹے بڑے واقعات کا تذکرہ ڈائریوں میں کیا ہے جسے باضابطہ کتابی شکل دی گئی ہے‘‘۔ اس موقع پر میاں بشیر احمد لاروی مرحوم کی یاد میں چند کتابوں کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔
ستمبر2023کی اننت ناگ جھڑپ