میاں الطاف کو صدمہ | جواں سال دختر رحلت کر گئیں

گاندربل //نیشنل کانفرنس سینئر رہنما میاں الطاف احمد کی 28سالہ جواں سال بیٹی رحلت کر گئیں ہیں۔وہ کافی عرصہ سے علیل تھیں۔ جمعہ کو انکی حالت زیادہ خراب ہوگئی جس کے فوراً بعدانہیںمیڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ منتقل کیا گیا جہاں نماز مغرب سے قبل قریب 7بجے انہوں نے آخری سانس لی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحومہ کا علاج ٹا ٹا میموریل ممبئی میں پچھلے ایک سال سے چل رہا تھا، اور انہیں پچھلے ہفتے ہی بابا نگری کنگن لایا گیا تھا۔مرحومہ کی شادی2008میں راجوری میں چودھری امجد سے کی گئی تھی۔مرحومہ اپنے پیچھے دو بیٹے چھوڑ گئی ہیں۔میاں خاندان کے ذرائع کے مطابق مرحومہ کی نماز جنازہ بابا نگری وانگت کنگن میں سنیچر2 بجے کے بعد ادا کی جائے گی ۔ ادھر نیشنل کانفرنس لیڈران اور سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے پارٹی کے سینئر لیڈر و سابقہ وزیر میاں الطاف احمد کی دْختر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیڈروں نے دکھ زدہ کنبہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پارٹی لیڈران نے مرحومہ کے ایصال ثواب کی دعا کی اور اللہ سے دعا کی کہ کنبہ کویہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ادھر جمعیت ہمدانیہ نے بھی میاں خاندان کیساتھ تعزیت کااظہار کیا ہے