میاں الطاف،مظفر بیگ،چیف سیکریٹری اور کئی وفود ملاقی

جمو ں//ممبر پارلیمنٹ مظفر حسین بیگ اور سابق وزیرمیاں الطاف احمد نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔ مظفر حُسین بیگ نے ریاست کی موجودہ صورتحال اور عوامی اہمیت کے کئی معاملات پر گورنر کیساتھ تبادلہ خیال کیا۔نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے کنگن میاں الطاف احمد بھی ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک سے راج بھون جموں میں ملاقی ہوئے اور حلقہ انتخاب کنگن کے ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے گورنر سے کنگن میں ان ترقیاتی کاموں پر اُن کی ذاتی مداخلت چاہی جن کی حلقہ انتخاب میں اشد ضرورت ہے۔انہوں سے گورنر ستیہ پال ملک سے ان ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کی درخواست کی تاکہ حلقہ انتخاب کنگن کے لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ میاں الطاف احمد نے گورنر سے اپیل کی کہ زیڈ موڈ ٹنل پر کئی ماہ سے معطل کام کو پھر سے شروع کیا جائے تاکہ اس اہم پروجیکٹ سے لوگوں کو فائدہ حاصل ہو ۔ میاں الطاف احمد نے اُن ٹھیکیداروں کی واجب الادا رقم واگزار کرنے کی بھی مانگ کی جنہوں نے امرناتھ یاترا کے دوران بال تل بیس کیمپ میں کام کیا۔گورنر نے میاں الطاف احمد کی کافی سراہنا کی اور انہیں اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں کو مسائل کو اجاگر کرنے اور بھائی چارہ بنائے رکھنے پر کافی سراہا اور آئندہ ایسے اقدامات اٹھانے کی بھی تلقین کی۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے بھی یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔گورنر نے جوابدہ اور شفاف انتظامیہ کی فراہمی اور ریاست کی موجودہ سلامتی صورتحال کے بارے میں چیف سیکرٹری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے امن و قانون کی برقراری کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکنہ ا قدامات کرنے پر زور دیا۔درایں اثناء کنٹریکچول ڈاکٹروں کا ایک وفد ڈاکٹر سہیلا رشید خان کی قیادت میں یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقی ہوا۔وفد نے گورنر سے اُن کی نوکریوں کی مستقلی کی درخواست کی۔یہ ڈاکٹر ایس آر او384 کے تحت تعینات کئے گئے ہیں اور اس وقت گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اس سے منسلک ہسپتالوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔گورنر نے یقین دلایا کہ اس مطالبے پر مناسب غور کیا جائے گا۔ادھرتربیت یافتہ لینڈ سکیپروں اورمالیوں کا ایک وفد تاشوق احمد شیخ کی قیادت میں یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقی ہوا۔ڈیلی گیشن نے گورنر کو انہیں محکمہ پھول بانی میں تعینات کرنے کی درخواست کی۔ان اُمید واروں کو پچھلے سال محکمہ پھولبانی نے متعلقہ ہُنر میں تربیت فراہم کی تھی۔گورنر نے کہا کہ ان مالیوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔