میانداد اور عبدالقادر کو فائنل کا دعوت نامہ نہیں ملا

 لاہور//پاکستان کے سابق کرکٹ کھلاڑی جاوید میانداد اور عبدالقادر نے شکوہ کیا ہے کہ انہیں ابھی تک پی ایس ایل فائنل کیلئے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک کے سابق عظیم کرکٹرز کو اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کا فائنل دیکھنے کی دعوت دی ہے ۔ میانداد نے کہا کہ ہمارے لیے یہ بات اہمیت نہیں رکھتی کہ انہوں نے ہمیں دعوت دی یا نہیں لیکن تاحال ہمیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔اس حوالے سے عبدالقادر کا بھی یہی موقف تھا اور انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کا ایک دروازہ میرے نام سے منسوب ہے لیکن مجھے ابھی تک پی ایس ایل فائنل کا دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔ جب اس بارے میں پاکستان کرکت بورڈ سے رابطہ کیا گیا تو پی سی بی آفیشل نے تصدیق کی کہ آئندہ ایک سے دو دن کے اندر تمام بڑے کھلاڑیوں کو ٹکٹ بھیجے جائیں گے ۔(یواین آئی)