مہور ۔ گول اور گلابگڑھ سڑکیں ایک ہفتہ سے بند

مہور//مہور سے گول اور گلابگڑھ جانے والی سڑکیں ایک ہفتے سے بند ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مہور سے گول جانے والی سڑک گزاشتہ دنوں بارش اور برفباری کے دوران پسی گر آنے کی وجہ سے سجرو کے مقام پر بند ہے جبکہ ڈاگن ٹاپ پر بھاری برف ہے لیکن انتظامیہ کی طرف سے اس سڑک کو بحال کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا ۔یاد رہے کہ یہ سڑک سجرو،چکلاس،جمسلان،مولاس،سلدھار،بدھن،لنچہ اور گول کو جاتی ہے لیکن ان علاقوں کے لوگ ایک ہفتے سے سڑک بند ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ انہوں نے انتظامیہ کے نوٹس میں یہ بات لائی لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ مہور ہسپتال یا ہیڈ کوارٹر جانے کیلئے واحد یہی ایک راستہ ہے جو بند پڑا ہے جس کی وجہ سے ایک ہفتے سے لوگ ہیڈکوارٹر تک نہیں جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں بہت سے لوگ بیمار ہیں مریض ہیں لیکن اگر کوئی مریض شدید بیمار ہوگئے تو انہیں مہور ہسپتال تک کیسے پہنچایا جائے گا۔ چچی،جمسلان،بدھن سے دکانداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے جموں سے اپنی دکانوں کیلئے سامان منگایا تھا لیکن سڑک بند ہونے کی وجہ سے وہ سامان راستے میں گاڑیوں میں پڑا ہے جو کہ خراب ہوگیا اور ان کا نقصان ہوگیا۔یہاں شبیر احمد ملک نامی ایک دکاندار نے بتایا کہ اس نے اپنی دکان کیلئے سامان منگوایا تھا وہ ایک ہفتے سے سڑک بند ہونے کی وجہ سے گاڑی میں پڑا ہے ،اس میں کچھ اشیاء میں سے پیاز اورآلو وغیرہ خراب ہوگئے ہیں۔اسی طرح مہور سے گلابگڑھ جانے والی سڑک صرف ٹکسن کے مقام تک کھلی ہے جبکہ اس سے آگے گاڑیاں نہیں جارہی ۔واضح رہے کہ شیدول،رنگلائی،لدھ،لار،برنسال،گلابگڑھ،دیول،نہوچ جانی والی سڑک بند پڑی ہے اورلوگوں کو اپنے گھروں تک سامان لینے کیلئے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ان علاقاجات کے لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ ان علاقہ میں لوگ ٹریکٹر گاڑیوں میں گھروں تک راشن لے جاتے تھے لیکن بدقسمتی کی وجہ سے گذشتہ برفباری کے دوران یہ سڑکیں بند ہوگئیں اور انہیں راشن اپنے کندوں پر اٹھا کر لینا پڑ رہا ہے۔لوگ انتظامیہ سے سڑک بحال کرنے کی مانگ کرتے ہیں۔اس حوالے سے جب کشمیر عظمیٰ نے ڈپٹی کمشنر ریاسی ڈاکٹر ساگر دتترے دائیفود سے بات کی انہوں نے بتایا کہ وہ لوگوں کی مشکلات کو جلد حل کرنے کے اقدامات کریں گے۔