مہور میں بارشوں اور برفباری سے مقامی سڑکیں مسدود

ریاسی//گذشتہ بارش اور برفباری سے تمام مقامی سڑکیں مسدود ہوگئیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق مہور سے گلابگڑھ سڑک تازہ پسی گر آنے کی وجہ سے بھل کے مقام پر بند ہے۔مہور سے گول سڑک بھی سجرو کے مقام پر پسی گرنے کی وجہ سے بند ہے۔اسی طرح مہور سے راجوری سڑک بھی پسی گرنے کی وجہ سے دھمنی کے مقام پر بند ہوگئی ہے۔اگرچہ مہور تا جموں سڑک بھی گذشتہ روز بند ہوگئی تھی لیکن بعد میں اسے بحال کردیا گیا ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مہور سے گلابگڑھ اور مہور سے گول سڑک گذشتہ ایک ماہ سے بند ہیں لوگوں نے انتظامیہ پر الزام لگایا کہ وہ سڑکوں سے برف ہٹانے میں ناکام ہوگئی ہے۔یہاں گاؤں نہوچ کے نائب سرپنچ  بشیر ملک نے کشمیر اعظمیٰ کو بتایا کہ وہاں پر 15 سے زائد مکانات کو گذشتہ بارش اور برفبای کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کی ہے نقصانات کا تخمینہ لگا کر لوگوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔ ضلع ریاسی کے بالائی علاقوں میں گذشتہ روز سے بجلی بھی بند ہے۔اطلاع کے مطابق بجلی کے کھمبوں اور تاروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔اسی طرح درجنوں دیہات سے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ پانی سپلائی بھی ایک ماہ سے ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔اسی طرح جمسلان، سلدھار، بٹھوئی،انگرالہ ،ٹکسن، شیدول،کھوڑ،لار،برنسال،گلابگڑھ، کیدورہ، دیول،نہوچ ،شبراس،بگوداس، باگنکوٹ، شکاری،چانہ وغیرہ سے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ وہاں پر مکانات اور زمینوں کو شدید نقصان پہنچا ہے لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کی ہے علاقہ میں ایک ٹیم بھیجی جائے جو نقصان کا تخمینہ لگا ئے اور لوگوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے کیوں کہ علاقہ کے لوگ نہایت ہی غریب ہیں۔سب ڈویژن مہور کے بالائی علاقوں میں راشن کی شدید قلت پائی جارہی ہے علاقہ میں لوگ تین تین ماہ سے راشن سے محروم ہیں۔اس سال بھاری برفباری کی وجہ سے تمام سڑکیں بند رہی ہیں اور لوگوں تک راشن نہیں پہنچ پایا اور لوگ فاقہ کشی کا شکار ہورہے ہیں مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ علاقہ میں لوگوں کو ہوئی جہاز کے ذریعے راشن پہنچایا جائے۔