سرینگر//نیشنل کانفرنس نے وادی میں بجلی سپلائی کی بدترین صورتحال اور سرینگرجموں شاہراہ بندہونے کے بعد غذائی اجناس کی قیمتو ں میں ہوشربا اضافہ ہونے پرشدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ قیمتوں کو اعتدال پررکھنے اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہوا ہے اور حکومت لوگوں کے مسائل ومشکلات کاتماشہ دیکھ رہی ہے۔ایک بیا ن کے مطابق ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے وادی کے اطراف و کناف سے آئے پارٹی کارکنوں اور عوامی وفود کیساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ ملاقی ہوئے وفود نے اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات اُجاگر کئے۔ ناصر اسلم وانی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کپوارہ، بارہمولہ، بڈگام ،بانڈی پورہ اور خطہ چناب و پیرپنچال کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں انتظامیہ اور حکومت کا کہیں نام و نشان نہیں،جس وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ برفباری کے بعد ٹھٹھرتی سردی سے لوگ پہلے ہی گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں اور بجلی و پینے کے پانی کی بدترین سپلائی سے لوگوں کے مشکلات اور مصائب میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ شہروں اور قصبوں میں بجلی کی بدترین سپلائی جاری ہے جبکہ دیہات اور دوردراز علاقوں گاہ گاہ ہی بجلی دیکھنے کو ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے بہت سارے علاقوں میں راشن گھاٹ خالی پڑے ہیں اور لوگوں کو راشن کی کمی کی صورت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ شاہراہ کے مسلسل بند رہنے سے غذائی اجناس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے لیکن انتظامیہ کی طرف سے قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے ، ذخیرہ اندازوں اور ناجائزہ منافع خوروں کیخلاف کارروائی کیلئے کوئی بھی کارروائی دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے نیز حکومت لوگوں کے مسائل و مشکلات کی تماشائی بن کر رہ گئی ہے۔