مہم جو سیاحت کافروغ حکومت کا مقصد:سرمدحفیظ

 سری نگر//حکومت نے جموں وکشمیر میں مہم جوسیاحت کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کئی اِقدامات اُٹھائے ہیں اور محکمہ سیاحت نے پہلے ہی یہاں نئے ٹریکنگ راستوں کی کھوج اور صلاحیت کو اِستعمال کرنے کے لئے کئی سرگرمیاں شروع کی ہیں۔اِن باتوں کا اِظہار سیکرٹری سیاحت و ثقافت محکمہ سرمد حفیظ نے ممبئی سے کام کرنے والے پیشہ ور اَفراد کے ایک گروپ اور مقامی این جی او کی جانب سے کشن سر، گُنگ بل اور دیگر سیاحتی کی صفائی ستھرائی مہم کے لئے جانے والے گروپ کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کرتے ہوئے کیا۔اِس موقعہ پر ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو ، ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت ڈاکٹر احسان الحق چشتی ، محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران اور رضاکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔اِس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت نے جموںوکشمیر میں سیاحت کی سرگرمیوں کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی اورکہاکہ اِس سال مہم جو سیاحت کو ترجیح دی گئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے مہم جو سیاحت کو فروغ دینے کے لئے جموں وکشمیر میں ٹریکنگ کے نئے راستے کھولے ہیں اور کئی دیگر اِقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔سیکرٹری سیاحت نے یہاں سیاحت کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے حکومتی اِقدامات کے بارے میں روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے زائد اَز 95فیصد شراکت داروں کو وَبا کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے ہیں ۔ اِس کے علاوہ محکمہ کے ملازمین اور دیگر وابستہ اَرکان کو بھی آج تک ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ نے سیاحتی شعبے سے وابستہ تمام شراکت داروں کے لئے کئی مقامات بشمول جھیل ڈل ، پہلگام ، گلمرگ اور دیگر سیاحتی مقامات پر کووِڈ پروٹوکول کی عمل آوری کے لئے صلاحیت بڑھانے کے پروگرام بھی منعقد کئے۔