مہلوک پولیس افسرکے اعزاز میں تعزیتی تقریب

سرینگر// گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے جموں وکشمیر پولیس سمیت دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی طرف سے دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں امن کو پٹری پر لانے کیلئے سیکورٹی ایجنسیوں نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ سرینگر کی پولیس لائنز میں مہلوک پولیس افسر ارشد خان کی میت پر گلباری ادا کرنے کے موقعہ پر گورنر کے مشیر نے بتایا کہ مذکورہ پولیس افسر نے کے پی روڑ اننت ناگ پر ہوئے فدائین حملے میں سی آر پی ایف کی مدد کرنے کے دوران انتہائی بہادری کامظاہرہ کیا۔ مشیر کے بقول جموں وکشمیر پولیس سمیت یہاں تعینات دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے ریاست میں امن کو بحال کرنے کیلئے غیر معمولی رول ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس کے ساتھ ساتھ دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے ریاست جموں وکشمیر میں امن کو پٹری پر لانے کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جنگجوئوں کی طرف سے اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئے گی ۔گورنر کے مشیر کے کے شرما نے بھی اُن کی میت پرپھول نچھاور کئے گئے ۔اس موقعہ پر مذکورہ پولیس افسر کی خدمات کو سراہا گیا۔ارشد خان ایس ایچ او صدر اننت ناگ کے پی روڈ تعینات تھے ۔ انہوں نے16 جون2019 کو ایمزنئی دہلی میں آخری سانس لی۔پرنسپل سیکریٹری ہوم شالین کابرا، ڈی جی پی دلباغ سنگھ، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان اور ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے بھی مرحوم کی جسد خاکی پر گل دائرے چڑھائے اور اُن کی قربانی کو یاد کیا۔اس دوران گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے اپنے ایک تعزیتی پیغا م میں مشیر نے فوت ہوئے افسر کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے سوگوار کنبہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دُعا کی۔