مہلوک اہلکار روہت چِب خراج عقیدت

جموں// ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے جموں و کشمیر پولیس کے سینئر افسران، رشتہ داروں اور دوستوں کی قیادت میں روہت چِب کو کی میت پر پھول چڑھائے اور آخری رسومات میں شرکت کی۔ سینئر افسران اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ، ایس ایس پی پی سی آر جموں ڈاکٹر حسیب مغل، ایس ایس پی جموں چندن کوہلی، ایس ایس پی مبشر لطیفی، ایس ایس پی کلبیر سنگھ سمیت دیگر پولیس اور سول انتظامیہ کے افسران اور بڑی تعداد میں لوگوں نے موصوف کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر جنگجوئوں اور ان کے حامیوں کے خلاف پختہ عزم کے ساتھ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کے آغاز میں جنگجوئوں کی ایک اچھی تعداد کو بے اثر کر دیا گیا تھا اور ان کے خاتمے کے بعد لوگوں نے سکون کی سانس لی ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میںجنگجوئوں کے خلاف مزید سخت کارروائیاں کی جائیں گی اور عوام کے تعاون سے جلد پرامن ماحول قائم کیا جائے گا۔ڈی جی پی نے کہا کہ پاکستانی ایجنسیوں اورجنگجوئوں کا یہ ایک رجحان بن گیا ہے کہ وہ فورسز پر حملہ کریں اور شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے امن و امان کو خراب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقابلوں کے دوران شہریوں کی جان بچانے کے لیے کوششیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرحد اور اندرون ملک فورسز پوری لگن کے ساتھ حفاظت کر رہی ہیں اور دراندازی کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ روہت چب نے کل ضلع کولگام کے علاقے پاریوون میں ایک تصادم میں لقمہ اجل بن گئے۔