مہجورکی برسی پر پٹن اور بجبہاڑہ میں تقاریب

فیاض بخاری+عارف بلوچ
 بارہمولہ+اننت ناگ//یوم مہجور کے موقع پر کئی پٹن اور بجبہاڑہ میں ادبی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ ساگر کلچرل فورم ژکر پٹن کی جانب سے الہدیٰ کالجپٹن میں یوم مہجور منایا گیا ۔پروگرام دو نشتوں پر مبنی تھا۔ پہلی نشست میں وادی کے معروف اسکالروں نے مہجور کی زندگی اور کارناموں پر مقالے پیش کیے۔ مقالہ پیش کرنے والوں میں طارق احمد بٹ اور شوکت تلگامی قابل ذکر ہے ۔اس نشست کی صدارت معروف شاعر نور دین ہوش نے کی ۔ان کے ساتھ ایوان صدارت میں معروف شاعر سید اختر حسین منصور مہمان خصوصی اورنظیر ابن شہباز مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔ ان کے ساتھ صدارت میں بالی ووڈ اداکار اختر حسینی ،عبدالاحد دلبر، بشر زوگیاری ،نثار گلزار اور الہدیٰ کالج کے سربراہ نثار احمد وانی بھی موجود تھے۔ فورم کے سرپرست اعلیٰ ساگر نظیر نے مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا ۔ نشست میں معروف شاعر عبدالاحد دلبر کے شعری مجموعہ( لو ہتی گلاب )کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ محفل میں سکولی بچوں نے شاعر کشمیر مہجور کے لکھے بہاریہ گیت پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔ بعد میں ایک محفل مشاعرہ منعقد ہوا جس کی صدات معروف شاعر سلیم یوسف نے کی ۔ان کے ساتھ ایوان صدارت میں فاروق واگوری ،پروفیسر مسعود رشید سنگھ پوری ،بشر زوگیاری اور محمد افضل ہاشمی موجود تھے ،مشاعرے میں جن شاعروں نے اپنا کلام پیش کیا ان میں جاذب سوپوری، دلشاد مصطفی ،افضل ہاشمی، رفاقت حفیظ، میر شاہنواز، خاکسار غفار، آفاق دلنوی، محبوب بلال ،صابر شبیر، مجید شہباز ،عرفان شیری، علی محمد چوپان ،ماشٹر گوہر ،شاہی سجاد، قیوم ترکولبلی، الہام عبدالاحد،نثار گلزار، علی کاظمی اور چھان رحمان شامل ہیں۔ادھر  جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ اننت ناگ میں مراز ادبی سنگم کے زیر اہتمام ایک ادبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔جس میں کئی نامور شاعروں اور ادیبوں نے شرکت کی۔سیٹ نرسنگ اینڈ پیرا میڈیکل کالج پازال پورہ بجبہاڑہ میں یوم مہجور کے حوالے سے اس ادبی تقریب کی صدارت ڈاکٹر شفیع ایاز نے کی جبکہ ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے نائب صدرغلام محمد دلشاد ایوان صدارت میں مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ تقریب میں شاعر کشمیر مہجور کی شاعری زندگی فکر اور فن پر مراز ادبی سنگم کے صدر علی شیدا، راجہ یوسف غلام نبی اور ڈاکٹر حسرت حسین نے مقالے پڑھے۔ تقریب کی دوسری نشست میں ایک محفل مشاعرہ کا اہتمام ہوا جس میں رئیس جانثار، بشیر دلبر، منظور خالد، ڈاکٹر شیدا حسین شیدا، قمر حمید اللہ، مظفر دلبر،افتخار انجم، ناصر منصور، تنہا شہلپوری، سلام راتھر، طاہر ریاض ریشی اشرف راوی، غلام محمد دلشاد وغیرہ نے اپنا کلام سنایا۔کے این ایس