سرینگر//عوامی روابط کو مستحکم بنانے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطرکل پولیس پوسٹ بونہ محلہ سرینگر میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس دوران محلہ کمیٹی کے ذعمائوں ، ذی عزت شہریوں اور تاجر انجمنوں سے وابستہ ارکان نے بھی شرکت کی۔ایس ڈی پی او ایم آر گنج کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران ایس ایچ او ایم آر گنج اور انچارج پولیس پوسٹ بونہ محلہ بھی موجود رہے۔پولیس آفیسر نے میٹنگ میں موجود لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی تاکہ اُنہیں درپیش مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔شرکاء نے پولیس آفیسر کو یقین دلایا کہ علاقے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے حوالے سے وہ پولیس کو اپنا دستِ تعاون بہم رکھیں گے۔میٹنگ میں شریک لوگوں نے سماجی بدعات اور منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف پولیس کی جانب سے چلائی جارہی مہم کو خوب سراہا ہے۔میٹنگ کے دوران لوگوں نے بتایا کہ وہ جرائم اور سماج میں پنپ رہی بُرائیوں کا قلع قمع کرنے کی خاطر پولیس کو ہر سطح پر تعاون فراہم کرئینگے۔ میٹنگ خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی ۔