مہاجر ملت مولانا محمد یوسف شاہ کی50ویں برسی

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریاست کے سرکردہ عالم دین اور تحریک حریت کشمیر کے ممتاز دینی اور سیاسی شخصیت مرحوم مولانا محمد یوسف شاہؒ کے یوم وصال پر اپنا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم مولانا شاہ صاحبؒ ایک عالم باعمل، سرکردہ مبلغ اور ریاست کے ممتاز دینی شخصیت کے مالک تھے اور انہوں نے تحریک حریت کشمیر میں بھی اہم رول ادا کیا تھا۔ مرحوم شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کو مرحوم مولانا محمد یوسف شاہؒ کے ساتھ بڑی عقیدت، عزت واحترام تھا اور خاندان میرواعظ کی دینی خدمات کو قوم کیلئے مشعل راہ قرار دیتے تھے۔ کارگذار صدر عمر عبداللہ نے بھی مرحوم شاہ صاحبؒ کی دینی خدمات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ مرحوم میر واعظ ایک ممتاز عالم دین تھے۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، سینئر لیڈران مبارک گل ،پیر آفاق اور عرفان احمد شاہ نے بھی مرحوم میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ نے مہاجر ملت مرحوم مولانا محمد یوسف شاہ ؒ کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے علمی ،دینی اورر سیاسی محاذ پر جو خدمات انجام دیں ،اس کے لئے تاریخ میں انہیں سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا ۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ مرحوم نے جموں کشمیر کی آزادی کی خاطر جس طرح کٹھن حالات میںاپنی جدوجہد جاری رکھی اور اس کی پاداش میں مہاجرت کی زندگی اختیار کرلی وہ ان کے جزبہ استقلال اور استقامت کا عملی مظہر ہے ۔شبیر احمد شاہ نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے تحریک آزادی میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے اپنی علمی سرگرمیاں بھی جاری رکھی اور قوم و ملت کو بیان الفرقان کی صورت میں قران پاک کا سلیس اور آسان ترجمہ و تفصیر کی صورت میں ایک گراں قدر تحفہ بھی پیش کیا ۔