سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کہا کہ تندرستی کیلئے صحت و صفائی قائم رکھنا انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی نشود و نما ماحول کو صاف رکھنے کے ساتھ ہی ممکن ہے ۔ مشیر موصوف مہاتما گاندھی کے 150 ویں جنم دن کے سلسلے میں جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز اور محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ( ڈی آئی پی آر ) کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ کمشنر سیکرٹری محکمہ تمدن محمد سلیم شیشگر، ڈی آئی پی آر طارق زرگر ، سیکرٹری کلچرل اکیڈمی عزیز حاجنی ، رحمان راہی ، حسرت گڈھا ، شوکت غیور و دیگر معروف فنکار اور شعراء تقریب میں موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے اقدار آج کے زمانے میں بھی بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور وہ آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے بھی بڑی اہمیت رکھیں گے ۔ صحت و صفائی پر مہاتما گاندھی کی طرف سے دی گئی ہدایات کا ذکر کرتے ہوئے خورشید گنائی نے کہا کہ گاندھی جی ایک اعلیٰ اور تندرست سماج کا اہم حصہ صحت و صفائی مانتے تھے ۔ اُن کی نظر میں صحت و صفائی اتنی اہم تھی کہ وہ ہمیشہ تمام چیزوںپر صحت و صفائی کو ترجیح دیتے تھے ۔ خورشید گنائی نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں میں چھوٹی عمر سے ہی صحت و صفائی قایم رکھنے پر زور دیں تا کہ آنے والی زندگی میں یہ عادت اُن کی شخصیت کا ایک اہم حصہ بنے ۔ مشیر موصوف نے کہا کہ پچھلے ایک ہفتے سے سوچھ بھارت مشن کے تحت مختلف محکموں بالخصوص محکمہ تعلیم کی طرف سے کئی صحت و صفائی سے متعلق سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ۔
مہاتما گاندھی کے جنم دن پرکلچرل اکیڈمی اورمحکمہ اطلاعات کی مشترکہ تقریب
