سرینگر//محکمہ زرعی پیداوار کی جانب سے مگس بانی صنعت کی اہمیت کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ تربیتی پروگرام کا افتتاح لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کیا ۔ مشیر نے مگس بانی کو ایک منافع بخش سرگرمی قرار دیا اور کسانوں کو اپنی آمدن میں اضافہ کرنے کیلئے مگس بانی کو اپنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں مگس بانی کیلئے کافی صلاحیت موجود ہے اوراس کو بروئے کار لانا وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔ مشیر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو مگس بانی یونٹوں کے قیام کی جانب راغب کریں جس میں آمدن کے حصول کی کافی صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے محکمہ کے حکام کو مگس بانی سے متعلق مزید اس نوعیت کے پروگراموں کے انعقاد کی ہدایت دی ۔ پروگرام کے دوران ناظمِ زراعت کشمیر نے کہا کہ محکمہ مگس بانی شعبے کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے اور اس ضمن میں شہد مشن کے تحت جموں کشمیر کے بالائی علاقوں میں اس صنعت کو گروغ دینے کیلئے ایک مفصل پروجیکٹ رپورٹ بھی تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت صوبہ کشمیر میں 70 ہزار شہد کے چھتے ہیں جبکہ 7لاکھ چھتوں کی ضرورت ہے ۔ اس سے قبل مشیر نے کچن گارڈن لال منڈی کا دورہ کرکے وہاں اگائے جا رہی سبزیوں کے بیجوں وغیرہ کا معائنہ کیا ۔