مکمل ہڑتال، ریل اور انٹرنیٹ خدمات معطل

پلوامہ +شوپیان /سید اعجاز +شاہد ٹاک/ پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں مکمل ہڑتال کی گئی جس دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت کلی طور پر معطل رہی۔پولنگ والے علاقوں میں تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر حکومتی احکامات پر بند رہے۔پولنگ والے دونوں اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع رہیں جبکہ سرینگر اور بانہال ریل خدمات مسلسل چوتھے روز بھی معطل رہیں۔ جنوبی کشمیر میں کہیں کوئی پابندیاں عائد نہیں رہیں تاہم پْرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے فورسز کی معقول نفری تعینات رہی۔اکثر سڑکیں سنسان نظر آئیں، آٹو رکشے بھی سڑکوں سے غائب رہے۔مشترکہ مزاحمتی قیادت  نے پارلیمانی انتخابات کے ضمن میں پولنگ کے دنوں پر متعلقہ انتخابی حلقوں کے اندر مکمل ہڑتال کی کال دے رکھی تھی۔