مکرکوٹ۔ نیل رابطہ سڑک سے کئی رہائشی مکانوں کو خطرہ لاحق

بانہال//ضلع رام بن کے تحصیل رامسو میں مکرکوٹ۔ہی وگن۔نیل رابطہ سڑک سے کئی رہائشی مکانوں کو خطرہ لاحق ہوا ہے اور انہوں نے معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ رابطہ سڑک جہاں چند مکان مالکان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے کئی سالوں تک تاخیر کا شکار رہی وہیں اسے مکمل کرنے کے بعد اس کی زد میں آئے زمینداروں اور مکان مالکان کو یکسر نظر انداز کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ مکرکوٹ ۔ ہی وگن ۔ نیل رابطہ سڑک کی تعمیر کی وجہ سے کئی رہائشی مکانوں کو گر جانے کا خطرہ لاحق ہوا ہے اور محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے دیواریں نہ لگانے کی وجہ سے بارشوں کے دوران زمین آہستہ آہستہ نکل رہی ہے اور آنے والے وقت میں یہ سڑک کئی رہائشی مکانوں کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ نیل ۔ گگونی۔ مکرکوٹ سڑک پر واقع ایک غریب شخص مبارک احمد سوہل ولد محمد اشرف سوہل کے مکان کو خطرہ لاحق ہوا ہے اور وہاں دیواروں کی اشد ضرورت ہے تاکہ مکان کو منہدم ہونے بچایا جاسکے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ رامبن، سب ڈویژن رامسو اور محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو اس طرف توجہ دینے اور حفاظتی دیواروں کو تعمیر کرنے کی اپیل کی ہے اور نقصانات سے دوچار رہائشی مکانوں کو معاوضہ ادا کیا جائے۔