کشتواڑ// کشتواڑ کے در دراز علاقہ مڑواہ و اڑون کے لوگوں نے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف جمعرات کو ضلع ہیڈکوارٹر میں انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ڈاک بنگلو چوک سے ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر تک ریلی نکالی۔ اسی دوران لوگوں نے پلے کا ر ڈ اٹھائے ، ایک آنکھ پر کالی پٹی و ہاتھ میں قومی ترنگا اٹھایا ہوا تھا۔اس موقع پر سماجی کارکن روف لون نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جہاں سرکار نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد تعمیر و ترقی کے بڑے بڑے دعوے کیے وہیں زمینی سطح پر ضلع کشتواڑ کے ان دور دراز علاقہ جات کی حالت انتہائی ابتر ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’ہمارے علاقہ جات کو آزادی سے لیکر آج تک بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔جہاں انتظامیہ شہروں کے اندر مواصلاتی نظام ، کالج ،سڑکیں ، اسکول ،ہسپتال یونورسٹیاں تعمیر ہورہی ہیں وہیں ہمارے علاقوں کو آج بھی نظر انداز کیا جارہا ہے اورتعمیر و ترقی بھی نہیں ہورہی ہے۔نہ ہی سڑک ، بجلی ،ہسپتال ،تعلیمی نظام اور نہ ہی موصولاتی نظام موجود ہے۔جس سے لوگوں کو فائدہ مل سکے‘‘۔سماجی کارکن نے مزید بتایا ، ’’ہاتھوں میں جھنڈے اٹھا کر ہم مرکزی سرکار کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ اس ملک کے ایک علاقہ کو مرکزی سرکار بھول گئی ہے اور اس دورجدید میں بھی یہ علاقے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں‘‘۔ انھوں نے کہا کہ علاقہ کا سب سے بڑا مسئلہ سڑک کی عدم دستیابی ہے۔ احتجاجی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ ہنزل سے لوپورہ سڑک کو جلدازجلدفاریسٹ کلرینس دی جائے اورعلاقہ کیلے چینجر بونڈا ٹنل تعمیر کیا جائے۔جبکہ علاقہ کیلئے الگ سے میڈیکل بلاک بنایا جائے تاکہ علاقہ کی عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم ہوسکے۔