کشتواڑ // ضلع کشتواڑ کے ہوائی اڈے پر آج علاقہ مڑوہ اور واڑون کی عوام نے ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور گورنر انتظامیہ سے ہوائی جہاز کا کرایہ کم کرنے کی درخواست کی۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہوائی جہاز کے کرایہ میں اچانک اضافہ کی سیاست ناقابل برداشت ہے جس پر گورنر انتظامیہ کو خصوصی جائزہ لینا چاہئیے، تاکہ علاقہ مڑوہ اور واڑون کی عوامی مشکلات دور ہوسکے۔ متعلقہ علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے شخص غلام قادر ساکنہ مڑوہ نے بتایا کہ بھاری برفباری سے تمام راستے بند ہوچکے ہیں جبکہ پیدل چلنے کی بھی کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ علاقہ مڑوہ اور واڑون کافی دور دراز علاقے ہیں جہاں کے مقامی عوام آج تک بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ،جن میں سڑک اور بجلی قابل غور ہے۔ البتہ انتظامیہ کی جانب سے مقامی لوگوں کی مشکلات دور کرنے کے لئے ہوائی جہاز کی سہولیت فراہم کی گئی تھی جس میں سیاست شامل کرکے مقامی لوگوں کے ساتھ لگاتار زیادتیاں کی جارہی ہیں۔ علاقہ مڑواہ کی پنچایت ملواڑون کے سرپنچ غلام رسول وانی نے بتایا کہ قبل 1500 سو روپے کا کرایہ وصول کیا جاتا تھا جس میں اچانک اضافہ کرکے 1500سے 2600 روپے وصول کرنا شروع کردیا ہے لہذا گورنر انتظامیہ سے درخواست ہے کہ اس مسئلے کا مکمل جائزہ لیں تاکہ لوگوں کی مشکلات دور ہو سکیں۔