مڈل سکول گھونسی محلہ کنگن بنیادی سہولیات سے محروم

 گاندربل// گورنمنٹ مڈل سکول (بائز)گھونسی محلہ اکہال کنگن پینے کے صاف پانی اور بیت الخلا ء جیسی سہولیات سے محروم ہے جس کے نتیجے میں یہاں زیر تعلیم بچوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔کنگن تحصیل سے ایک کلومیٹر کی دوری پر واقع گھونسی محلہ اکہال میں موجود اس سکول میں چند سال قبل طالب علموں کی تعداد 200 سے زائد تھی لیکن بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے اب یہ تعداد سو کے قریب رہ گئی ہے۔مقامی باشندوں نے اس بارے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سکول میں پینے کا صاف پانی اوربیت الخلاء جیسی اہم سہولیات کی عدم دستیابی کے نتیجے میں اُن کے بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے کئی والدین نے اپنے بچوں کا داخلہ دوسرے تعلیمی اداروں میں کرایا ہے۔دریں اثناء سکول میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے سیول سوسائٹی کنگن کا ایک وفد چیئرمین علی محمد کی قیادت میں ضلع انتظامیہ سے بھی ملاقی ہوا ہے اور اُن سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔انہوں نے ناظم تعلیم سے بھی اس معاملے میں مداخلت کی گزارش کی ہے ۔