مڈل سکول محلہ کھو کھراں میں بنیادی سہولیات دستیاب ہی نہیں

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے گور نمنٹ مڈل سکول محلہ کھو کھراں میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے 90سے زائد بچوں کو مستقل تاریک ہو نے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ او ر مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سکول میں ابھی تک پانی کا کنکشن نہیں دیا گیا ہے جس کی وجہ سے بچوں کو جہاں اپنی ساتھ بوتلوں میں پینے کا صاف پانی لانا پڑرہا ہے وہائیں ٹائلٹ کمپلیکس بھی کھنڈرات ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مڈل سکول میں انتظامیہ کی جانب سے ایک ٹائلٹ کمپلیکس تو بنایا گیا تھا لیکن ابھی تک اس میں پانی کا کوئی بندوبست ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے بچوں کیساتھ ساتھ سکول میں تعینات 9ٹیچروں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ابھی تک سکول میں رسوئی گھر تعمیر نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مڈ ڈے میل جیسی خدمات بھی متاثر ہو رہی ہیں ۔انہوں نے سکول انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ چار دیواری کیلئے فنڈز ہونے کے باوجود بھی حفاظتی دیواری نہیں بنائی جارہی ہے جس کی وجہ سے تعلیمی ادارے کی اراضی پر غیر قانونی تجاوز کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مڈل سکول میں جلدازجلد بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بچوں کی پڑھائی متاثر نہ ہو ۔