مڈل سکول محلہ مغلاں منجہاڑی میں جگہ کی قلت ،کھیل کا میدان تعمیر نہیں | زبردستی سڑک نکالنے سے عمارت میں پانی داخل ، تعلیمی نظام متاثر ہونے کا خدشہ

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے منجہاڑی علاقہ میں قائم گور نمنٹ مڈل سکول محلہ مغلاں میں جگہ کی شدید قلت سے نہ ہی کھیل کا میدان تعمیرہوا ہے جبکہ کچھ مکینوں و تعمیراتی ایجنسی کی ملی بھگت سے سکول کے قریب سے سڑک تعمیر کئے جانے کے بعد عمارت میں پانی داخل ہو رہا ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے ۔3کمروں پر مشتمل سرکاری سکول میں اس وقت 100سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے اضافی عمارت بھی تعمیر نہیں کروائی گئی جس کی وجہ سے سکول میں ریکارڈ کیساتھ ساتھ تعیناٹ سٹاف ممبران ان ہی تین کمروں میں بچوں کو تعلیم فراہم کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کا پانی داخل ہونے کی وجہ سے عمارت مزید خستہ ہوئی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کچھ لوگوں و تعمیراتی ایجنسی کی آپسی ملی بھگت سے سکول کی عمارت کے قریب سے رات کی تاریکی میں زبردستی سڑک نکالی گئی جس کے بعد نہ تو بچوں کے کھیل کود کیلئے کوئی جگہ باقی رہی ہے اور عمارت بھی مسلسل بارش کا پانی داخل ہونے کی وجہ سے خستہ حال ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ سے اضافی عمارت کیساتھ ساتھ بچوں کیلئے کھیل کا میدان تعمیر کرنے کا کئی مرتبہ مطالبہ کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ سکول میں ایک ٹائلٹ کمپلیکس تعمیر کیا گیا ہے لیکن پانی کا کنکشن نہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ کمپلیکس کو بند رکھا گیا ہے اور بچوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سکول کی اضافی عمارت تعمیر کرنے کیساتھ ساتھ عمارت میں داخل ہونے والے پانی کو بند کیا جائے جبکہ سکول میں پانی کا کنکشن اور کھیل کے میدان جیسی سہولیات فراہم کی جائیں ۔