مڈل سکول بیلہ چنڈک کی چار دیواری نہیں | تدریسی عمل بری طرح متاثر،حکام سے فوری کارروائی کی مانگ

حسین محتشم

پونچھ//جموں کشمیرحکومت کی جانب سے سکولوں کی تعمیر کے لئے کروڑوں کے فنڈز جاری ہونے کے باوجود تاحال گورنمنٹ مڈل سکول بیلہ چنڈک ضلع پونچھ چار دیواری سے محروم ہے،جس کے باعث سکول اساتذہ و ننھے طلباء عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ سکول کے انچارج اساتذہ اور طلبہ نے حکام بالا سے سکول ہذٰا کی چار دیواری فی الفور تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سکول میں زیر تعلیم طلبہ کا کہنا تھا کہ سکول کے بالکل قریب سے ایک سڑک نکالی گئی ہے جس میں گاڑیوں کی آمد و رفت اور گاڑیوں کے شور شرابے کی وجہ سے ان لوگوں کی تعلیم شدید متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چار دیواری نہ ہونے کی وجہ سے بھیڑ بکریاں اور دیگر جانور سکول کے احاطہ میں چلے آتے ہیں اور گندگی بھی پھیلاتے ہیں یہ بھی ایک وجہ ہے کہ وہ لوگ پریشان ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکول میں اساتذہ کوشش کر رہے ہیں کہ وہ طلباء کو اچھی تعلیم دیں لیکن چار دیواری نہ ہونے کی وجہ سے ان کو بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سکول کی انچارج ہیڈ مسٹرس نے کہا کہ انہوں نے کئی بار حکام بالا کو اس طرف متوجہ کیا ہے لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے فوری طورسکول کی چار دیواری کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس ضمن میں جب زونل ایجوکیشن افیسر ننگالی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ سکول کی چار دیواری کا کام جلد ہی شروع کیا جائے گا۔