مڈل سکول بھونی گام میں سہولیات کی قلت، تدریسی عمل متاثر عمارت کی خستہ حالی کے علاوہ بچوں کیلئے بیت الخلاء بھی دستیاب نہیں

بختیار کاظمی

سرنکوٹ //سرنکوٹ سب ڈویژن کے تعلیمی زون بفلیاز میں آنے والے گور نمنٹ مڈل سکول بھونی گام میں بچوں کیلئے بنیادی سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے تدریسی عمل شدید متاثر ہورہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سکولی عمارت کی انتہائی خستہ حالی کیساتھ ساتھ بچوں کیلئے بیت الخلاء جیسی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں ۔والدین نے محکمہ ایجوکیشن کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پسماندہ علاقہ میں قائم کردہ گور نمنٹ مڈل سکول میں تدریسی عمل کو بہتر بنانے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ سکول میں سہولیات کی قلت اور عمارت کی خستہ حالی کے سلسلہ میں شعبہ ایجوکیشن کے اعلیٰ آفیسران کو بھی جانکاری فراہم ہے لیکن اس کے بعد بھی بچوں کی تعلیم کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کاغذو ں اور ریکارڈ میں ہر ایک سرکاری سکول کو سہولیات حاصل ہیں لیکن زمینی سطح پر صورتحال اس کے برعکس ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ علاقہ پسماندہ ہونے اور والدین کے غریب ہونے کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو معیاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ایجوکیشن نہیں دلاسکتے ہیں لیکن علاقہ میں قائم سکول انتظامیہ کی نظروں سے ہی اوجھل ہے ۔والدین اور مقامی لوگوں نے محکمہ ایجوکیشن اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری سکول بھونی گام کی حالت کو بہتر کرنے اور بچوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں ۔