مڈل سکول بنولہ کئی برسوں سے درجہ بڑھنے کا منتظر

مینڈھر//مینڈھر بلاک کی پنچایت بنولہ میں 1960میں قائم مڈل سکول درجہ بڑھانے کا منتظر ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے عوامی مانگ کو یکسر نظر انداز کیا جارہاہے ۔سکول میں اس وقت 80طلباء زیر تعلیم ہیں جبکہ ان کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے صرف 4ٹیچر تعینات کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے طلباء کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق 2003-04مذکورہ سکول کو پرائمری سے مڈل سکول بنایا گیا تھا لیکن عوامی مانگ کے چلتے کئی برس قبل مذکور ہ سکول میں ہائی سکول سائن بورڈ نصب کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی مذکورہ سکول کا درجہ نہیں بڑھایا گیا جس کی وجہ سے طلباء کی تعلیم بری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی لوگوںکے مطابق 16کنال اراضی پر قائم سکول کی چار دیوری نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کے مویشی اور بھیڑ بکریاں سکول کی اراضی پر آتی ہیں جبکہ کچھ لوگوں کی جانب سے سکولی اراضی کو استعمال بھی کیا جاتاہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے طلباء کو درپیش مسائل کو حل کر نے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہاہے ۔سکول میں ایک ماسٹر گریڈ اور ایک ٹیچر کی آسامی کئی برسکوں سے خالی پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔مقامی لوگوںنے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے سکول کی چار دیوری کیساتھ ساتھ سکول کا درجہ جلداز جلد بڑھایا جائے ۔